نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ملک کی 10 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 24 خالی ہونے والی نشستوں کے لیے انتخابی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق ان نشستوں کے لیے ووٹنگ 18 جون کو کرائی جائے گی، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جن ریاستوں میں یہ انتخابات منعقد ہوں گے ان میں آندھرا پردیش، گجرات، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، راجستھان، کرناٹک، منی پور، میگھالیہ، اروناچل پردیش اور میزورم شامل ہیں۔ ان میں آندھرا پردیش، گجرات اور کرناٹک میں سب سے زیادہ چار، چار نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔
اس کے علاوہ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں تین، تین نشستوں پر ووٹنگ ہوگی، جبکہ جھارکھنڈ میں دو نشستوں کے لیے انتخاب کرایا جائے گا۔ منی پور، میگھالیہ، اروناچل پردیش اور میزورم میں ایک، ایک نشست پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔
STORY | EC announces Rajya Sabha polls for 24 seats on June 18
The Election Commission on Friday announced polls for 24 Rajya Sabha seats on June 18.
In a statement, the EC said the elections for the Rajya Sabha seats will be held in 10 states where the incumbents are retiring… pic.twitter.com/CwLFmTyLdc
— Press Trust of India (@PTI_News) May 22, 2026
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل کا آغاز یکم جون کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہوگا۔ امیدوار 8 جون تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ 9 جون کو جانچ پڑتال کی جائے گی۔ امیدواروں کے لیے 11 جون تک نام واپس لینے کی مہلت دی گئی ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ راجیہ سبھا سے کئی اہم سیاسی شخصیات کی مدتِ کار بھی مکمل ہونے جا رہی ہے، جن میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، دگ وجئے سنگھ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کی ہیں، جن کے مطابق ووٹنگ کے دوران صرف مخصوص بینگنی رنگ کے اسکیچ پین کے استعمال کی اجازت ہوگی، جبکہ پورے عمل کی نگرانی کے لیے مبصرین بھی تعینات کیے جائیں گے۔
