دہلی: پیر کی صبح دہلی یونیورسٹی کے دو اہم کالجوں — رامجس کالج اور مرانڈا کالج — کو بم سے اُڑانے کی دھمکی موصول ہونے پر نارتھ کیمپس میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ دھمکی آمیز ای میل کے بعد دونوں کالجوں کو فوری طور پر خالی کروا دیا گیا اور طلباء، اساتذہ اور عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق دہلی پولیس نے موقع پر بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ روانہ کر دیے اور فائربریگیڈ کے اہلکار بھی پہنچ گئے۔ کالج کیمپس کے ہر حصے کی تلاشی جاری ہے تاکہ کسی بھی مشکوک یا دھماکہ خیز مواد کو بروقت پکڑا جا سکے۔ اب تک سرچ کے دوران کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔
پولیس اور متعلقہ ایجنسیاں دھمکی کی تحقیق میں مصروف ہیں اور سائبر سیل کو بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ دھمکی آمیز ای میل کے ذرائع کا پتہ لگایا جا سکے۔
اس واقعے کے ساتھ ساتھ پنجاب اور چندی گڑھ کے کئی تعلیمی اداروں کو بھی بم کی دھمکی دی گئی ہے۔ چنڈی گڑھ یونیورسٹی سمیت مختلف اسکولوں کو ای میلز کے ذریعے دھمکیاں موصول ہوئیں، جن میں دہلی پبلک اسکول، میئر ورلڈ اسکول اور ایم جی این اسکول شامل ہیں۔ ان ای میلز میں 14 اپریل کو کچھ مخصوص مقامات پر دھماکے کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
دہلی پولیس نے واضح کیا ہے کہ یہ دھمکیاں ابھی تک افواہ ثابت ہوئی ہیں، لیکن حفاظتی اقدامات کے طور پر تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ طلباء اور عملے کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے
