دہلی سے حج پروازوں کا پہلا مرحلہ کامیاب، 12 ہزار سے زائد عازمین مدینہ منورہ پہنچ گئے
نئی دہلی سے حج 2026 کے لیے عازمین کی روانگی کا پہلا مرحلہ بخیر و خوبی مکمل ہو گیا ہے۔ 18 اپریل سے شروع ہونے والی پروازوں کا سلسلہ 4 مئی کو اختتام پذیر ہوا، جس دوران مجموعی طور پر 31 پروازوں کے ذریعے 12,187 عازمین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ ان عازمین میں 6,226 مرد اور 5,661 خواتین شامل ہیں۔
یہ تمام پروازیں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 سے روانہ ہوئیں۔ عازمین مدینہ منورہ میں تقریباً آٹھ دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ حج کی ادائیگی کریں گے۔
حکام کے مطابق حج پروازوں کا دوسرا مرحلہ 6 مئی سے شروع ہوگا، جس میں عازمین کو جدہ کے راستے مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔ اس مرحلے میں 23 پروازوں کے ذریعے تقریباً 8,855 عازمین کی روانگی طے ہے، اور یہ سلسلہ 20 مئی تک جاری رہے گا۔
حج 2026 کے لیے پورے ملک سے تقریباً 1,75,025 عازمین کے سفر کا انتظام کیا گیا ہے، جن میں سے 21,100 عازمین صرف دہلی سے روانہ ہو رہے ہیں۔ یہ عازمین دہلی کے ساتھ ساتھ اتر پردیش، بہار، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ اور جموں و کشمیر سمیت مختلف ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے عازمین کی سہولت کے لیے ایئرپورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں رہنمائی، طبی سہولیات اور دیگر ضروری خدمات شامل ہیں، تاکہ اس مقدس سفر کو ہر ممکن حد تک آسان اور منظم بنایا جا سکے۔
