اورنگ آباد (11 اپریل، نامہ نگار):میونسپل کمشنر امول ایڈ گے نے شہر میں بلڈنگ پرمیشن کے ساتھ کمپلیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے پر بھی توجہ دینے کی ہدایت دی ہے، تاکہ میونسپل کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل ہو۔
انہوں نے مختلف شعبہ جات کے افسران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں واضح کیا کہ شہر میں ہزاروں ایسی عمارتیں موجود ہیں جن کے لیے بلڈنگ پرمیشن تو لی گئی، لیکن اب تک کمپلیشن سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کیا گیا۔ اس کے باعث میونسپل کارپوریشن کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
کمشنر کے مطابق اکثر دیکھا گیا ہے کہ بلڈنگ پرمیشن ایک منزل کے لیے لی جاتی ہے، لیکن حقیقت میں دو یا تین منزلہ عمارت تعمیر کر لی جاتی ہے، جو قواعد کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ ایسی تمام عمارتوں کی نشاندہی کی جائے اور اس مقصد کے لیے انجینئرنگ کالج کے طلبہ کی مدد سے خصوصی سروے کروایا جائے۔ سروے کے بعد ٹاؤن پلاننگ سیکشن کی جانب سے عمارتوں کی جانچ اور تصدیق کی جائے گی۔
کمشنر امول ایڈ گے نے مزید کہا کہ کمپلیشن سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد میونسپل کارپوریشن کو پریمیم اور پراپرٹی ٹیکس کی صورت میں آمدنی حاصل ہوتی ہے، اس لیے اس عمل کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ کمپلیشن سرٹیفکیٹ نہ لینے والے عمارت مالکان کی فہرست تیار کی جائے اور ان کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات پر قابو پایا جا سکے۔
