ایپسٹین تنازع: بل گیٹس نے فیصلوں پر افسوس کا اظہار کیا، فاؤنڈیشن کی وضاحت
معروف صنعت کار بل گیٹس نے آنجہانی فائنانسر جیفری ایپسٹین کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے وضاحت پیش کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان سے ملاقات کرنا ایک بڑی غلطی تھی۔ بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ایک ٹاؤن ہال اجلاس میں ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے گیٹس نے کہا کہ وہ اپنے فیصلوں کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق اس نشست میں گیٹس نے کھلے انداز میں سوالات کے جواب دیے۔ امریکی اخبار “دی وال اسٹریٹ جرنل” کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اجلاس کی ریکارڈنگ کے مطابق گیٹس نے تسلیم کیا کہ ایپسٹین کے ساتھ ملاقاتیں کرنا اور فاؤنڈیشن کے بعض افسران کو ان ملاقاتوں میں شامل کرنا درست فیصلہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جن افراد کو غیر ضروری طور پر شامل ہونا پڑا، وہ ان سے معذرت خواہ ہیں۔امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایپسٹین کی سزا مکمل ہونے کے بعد بھی دونوں کی متعدد ملاقاتیں ہوئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان ملاقاتوں میں انسان دوست منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں کے ممکنہ تعاون پر بات چیت ہوئی تھی۔رپورٹس کے مطابق گیٹس نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان کے ذاتی تعلقات کے بارے میں ایپسٹین کو علم ہو گیا تھا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان معاملات کا ایپسٹین کے متاثرین سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نہ کوئی غیر قانونی اقدام کیا اور نہ ہی کسی غیر قانونی سرگرمی کا مشاہدہ کیا۔محکمۂ انصاف کی فائلز میں شامل بعض تصاویر کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جن میں گیٹس خواتین کے ہمراہ دکھائی دیتے ہیں، تاہم ان تصاویر میں چہروں کو دھندلا کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے گیٹس نے وضاحت کی کہ یہ تصاویر ایک میٹنگ کے بعد لی گئی تھیں اور انہوں نے کبھی بھی ایپسٹین کے متاثرین کے ساتھ وقت نہیں گزارا۔فاؤنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ یہ ٹاؤن ہال اجلاس پہلے سے طے شدہ تھا اور اس میں مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی، جن میں ایپسٹین فائلز کی اشاعت کے بعد پیدا ہونے والے سوالات بھی شامل تھے۔ ترجمان کے مطابق فاؤنڈیشن کا مؤقف واضح ہے اور اس معاملے پر فی الحال مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
