اورنگ آباد:شہر میں سود کے پیسوں کے تنازع پر ایک ٹھیکیدار کو اغوا کر کے اسے تشدد کا نشانہ بنانے اور زبردستی مکان میں بند رکھنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس واقعہ میں ملوث چار ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق وھل نگر کے رہائشی 32 سالہ وینکٹیش پرساد بندوڈھا کنے نے پنڈ لک نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت کے مطابق انہوں نے بریج واڑی کے رہائشی لکھن راجو ساھو کے مکان کی تعمیر کا ٹھیکہ لیا تھا۔ مالی مشکلات کے باعث انہوں نے ساہوکار پنڈلک راجو ڈھنگے کے ذریعے سود پر رقم حاصل کی تھی اور وقتاً فوقتاً قسطوں کے ساتھ سود بھی ادا کرتے رہے۔
متاثرہ شخص کا الزام ہے کہ رقم واپس کرنے کے باوجود ملزمین کی جانب سے مزید پیسوں کا مطالبہ کیا جانے لگا۔ جب انہوں نے اضافی رقم دینے سے انکار کیا تو ملزمین نے انہیں زبردستی اغوا کر لیا اور این–4 سڈکو علاقے کے ایک مکان میں بند کر دیا۔
شکایت کے مطابق ملزمین نے انہیں دھمکیاں دیتے ہوئے گاؤں کی زرعی زمین اپنے نام منتقل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔ انکار کرنے پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے اہل خانہ کو بھی ہراساں کرنے کی دھمکی دی گئی۔پولیس نے اس معاملے میں لکھن راجو ساھو، وکی دیوی داس شندے، شوجیت سنجے دیشمکھ اور مکھن نامی ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اسسٹنٹ انسپکٹر کوہاڑے اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں۔
