اجنٹہ گھاٹ میں جمعہ کی صبح ایک خطرناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار کنٹینر بے قابو ہو کر پہلے ایک کار اور پھر سامنے سے آنے والے ٹاٹا ٹیمپو سے ٹکرا گیا۔ حادثہ درگاہ کے قریب ایک موڑ پر پیش آیا، جس کے باعث گھاٹ میں کچھ دیر کے لیے ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق کنٹینر اورنگ آباد سے جلگاؤں کی جانب جا رہا تھا، جبکہ کار میں ڈاکٹر پرشانت درکھ اپنے اہل خانہ کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار سڑک پر پلٹتے ہوئے کھائی کے کنارے جا رکی، تاہم خوش قسمتی سے گاڑی کھائی میں نہیں گری، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ حادثے میں کار سواروں اور ٹیمپو کے ڈرائیور و کلینر کو معمولی چوٹیں آئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس ٹیم فوری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس اہلکاروں نے متاثرہ گاڑیوں کو سڑک کنارے ہٹا کر ایک طرف سے ٹریفک بحال کیا، جبکہ واقعے کی مزید جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
